کوئٹہ۔ 25 جنوری (اے پی پی):ہوشاپ بوائز ہائی اسکول تربت میں دسویں جماعت کے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں طلباء اور اساتذہ سمیت علاقے کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ منعقدہ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل زمرد واحد، ہیڈماسٹر احمد علی، جی ٹی اے قائم مقام صدر محمد اقبال ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اسکول کی شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیڈماسٹر احمد علی نے انتہائی محدود وسائل کے باوجود اسکول کو عزم اور محنت کے ساتھ کیچ کے بہترین اسکولوں میں شامل کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اسکول کے سربراہ اور اساتذہ کی دن رات کی انتھک محنت، لگن اور ایمانداری کا نتیجہ ہے۔ مقررین نے تعلیم، معاشرتی ذمہ داریوں اور زندگی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو محنت اور ایمانداری کے ساتھ اپنے توجہ تعلیم پر مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے اور سماج کی بہتری میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ تقریب سے اسکول کے ہیڈ ماسٹر احمد علی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ ہم نے ان طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا ہے ، دعا ہے کہ یہ طلبہ اپنے مستقبل میں کامیابیاں حاصل کریں اور اپنے والدین ، اساتذہ اور علاقے کا نام روشن کریں ۔