ہولی فیملی ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، طاہرہ اورنگزیب

ہولی فیملی ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، طاہرہ اورنگزیب

148

راولپنڈی۔17اگست (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، ہولی فیملی ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آپریشن تھیٹر، سٹی سکین روم سمیت دیگر طبی شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کے لیے دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا شمار پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں ہوتا ہے، ہولی فیملی ہسپتال سے راولپنڈی کی عوام کے علاوہ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت کی عوام طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، مریم نواز شریف پنجاب کے ہسپتالوں کا دورہ کر کے تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں، ہمارا منشور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بعدازاں طاہرہ اورنگزیب نے کمیٹی چوک میں قائم سستے ماڈل بازار کا دورہ کیا ،

انہوں نے تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی بھی چیک کی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کی طرح راولپنڈی میں بھی سستے ماڈل بازار قائم کیے گئے ہیں، اب تک راولپنڈی شہر میں تین ماڈل بازار لگا دیئے گئے ہیں ، سستے ماڈل بازاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ صادق آباد گنجان آباد علاقہ ہے اس میں بھی سستا ماڈل بازار قائم کیا جائے ، سستے ماڈل بنانے کا مقصد عوام کو کنٹرول ریٹ پر اشیاء ضروریہ میسر کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق راولپنڈی کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، راولپنڈی شہر میں حیدری چوک، علامہ اقبال پارک اور کمیٹی چوک میں سستے ماڈل بازار قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں سے لوگوں کو کنٹرول ریٹ اور معیاری اشیاء ضروریہ میسر آ رہی ہیں۔