لاہور۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ہفتہ کے روز ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈکی برآمدی سرگرمیوں کے آغاز کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب ہونڈا اٹلس کارزکے جدید ترین مینوفیکچرنگ پلانٹ میں منعقد ہوئی ۔ہارون اختر خان نے پلانٹ کے دورے کے دوران ہونڈا کے جدید پیداواری نظام، سخت ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری اور اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں ہونڈا کی خدمات، مقامی مینوفیکچرنگ، برآمدات اور صنعتی ترقی میں اس کے کردار کو قابلِ ستائش قراردیا۔انہوں نے ہونڈا کی برآمدی سرگرمیوں کے آغاز کو حکومتی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ترتیب دی گئی پالیسیوں کے مطابق ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے ہونڈا اٹلس کارز کے اس اقدام کو سراہا۔
اس موقع پر ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کے چیئرمین عامر ایچ شیرازی نے بھی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا اور معیشت کی ترقی میں آٹو انڈسٹری کے اہم کردار پر زور دیا جبکہ ہونڈا اٹلس کارز کے صدر اور سی ای او تاکافومی کوئیکے نے ہونڈا کی عالمی میراث، جدت طرازی سے وابستگی اور تکنیکی ترقی میں قیادت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران ماحولیاتی تحفظ کے عزم کے اظہار کے طور پر پلانٹ میں شجرکاری مہم کا بھی انعقاد کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577266