ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں،سی ٹی او لاہور

73
Helmet enforcement campaign

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، ہیڈ انجری کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ پیر کو جاری بیان میں عمارہ اطہر نے کہا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں غیر معمولی لوڈ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے،90 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے جسے سو فیصد کرنےکےلئے مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ روکنے کےلئے مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں، کینٹ، ظفر علی، کینال روڈ، گورنر ہائوس اوراستنبول چوک سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو روکا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران 78 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کےخلاف کارروائی کی گئی ،بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کی پاسداری میں شہریوں کا ہی فائدہ ہے، ہیلمٹ حادثات کےساتھ ساتھ آنکھ، ناک، کان کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔