ہیملٹن ٹیسٹ، کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست سنچریاں

ہیملٹن ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن اور مڈل آرڈر بلے باز راس ٹیلر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں ناقابل شکست سنچریاں سکور کیں، دونوں کھلاڑیوں نے ہیملٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ابتدائی دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد منگل کو میچ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور مڈل آرڈر بلے باز راس ٹیلر انگلش بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے اور نہ صرف ناقابل شکست سنچریاں سکور کیں بلکہ تیسری وکٹ پر 213 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ یہ کین ولیمسن کے ٹیسٹ کیریئر کی 21 ویں سنچری تھی جبکہ راس ٹیلر کے ٹیسٹ کیریئر کی 19 ویں سنچری تھی۔ کین ولیمسن نے اس دوران 234 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز بنائے، راس ٹیلر نے 186 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔