اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):ہیم ٹیکسٹل ، جرمنی میں شریک پاکستانی برآمدی کمپنیوں کو بھاری آرڈرز ملے ہیں۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ( پی ٹی ای اے )کے پیٹرن انچیف خرم مختار نے کہا ہے کہ 4 روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش 14 تا 17 جنوری 2025 کو جرمنی میں منعقدہ ہیم ٹیکسٹل نمائش میں 270 پاکستانی برآمدکنندگان نے شرکت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدکنندگان کی نمائش کردہ مصنوعات میں بین الاقوامی خریداروں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور بھاری برآمدی آرڈرز کے معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو درپیش مختلف مسائل کے خاتمہ سے پاکستان ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 7 تا 8 ارب ڈالر کا اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کاروباری برادری برآمدی آرڈرز کی بروقت ڈیلیوری کے حوالے سے پاکستانی کمپنیوں پر بھرپور اعتماد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی چین ، خام مال اور ہنر مند افرادی قوت وغیرہ کے مسائل کے خاتمہ سے پاکستان کی عالمی مارکیٹ میں درجہ بندی میں مزید اضافہ یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی شرح نمو کےلئے کاروبار دوست اور لانگ ٹرم صنعتی پالیسیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں جس سے قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔