وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت وزیراعظم پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ہیپاٹائٹس سی پروگرام قومی صحت کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت وزیراعظم پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری، سی ای او نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)، وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان اور ضلعی صحت افسران (ڈی ایچ اوز) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پروگرام ڈائریکٹر نے اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک حاصل ہونے والے نتائج سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام قومی صحت کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے، جس کے پیش نظر اس بیماری کا خاتمہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مصر کے کامیاب ماڈل کو اپنایا ہے اور مصر کی طرح پاکستان کو بھی ہیپاٹائٹس سی فری ملک بنانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ بیماری کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کو یقینی بنائیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خلاف جنگ میں تمام اداروں کا مشترکہ اور منظم کردار ناگزیر ہے۔ یہ صرف ایک صحت پروگرام نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ایک جامع مہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیرِ صحت نے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ افراد کی سکریننگ کے لیے شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے کیریئرز کی بروقت نشاندہی اور فوری علاج کے ذریعے بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکریننگ کے عمل کو مزید تیز، آسان اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ساتھ ہی مثبت تشخیص ہونے والے مریضوں کے بروقت اور مکمل علاج کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔وزیرِ صحت نے عوام سے اپیل کی کہ اسلام آباد میں قائم 15 منتخب صحت مراکز سے ہیپاٹائٹس سی کا مفت ٹیسٹ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ کروائے اور اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور معاشرے کے دیگر افراد کو بھی اس کی ترغیب دے تاکہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کے قومی ہدف کے حصول میں مدد مل سکے۔









