پشاور۔23مارچ (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہا کہ 23مارچ 1940کو قرارداد پاکستان کی منظوری اور الگ ریاست بنانے کا فیصلہ بلکل درست فیصلہ ثابت ہوا،ہمیں اپنے اسلاف پر فخر ہے جن کی کوششوں سے ہم آج ایک آزاد اورخودمختار اسلامی ریاست میں زندگی بسرکررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو م پاکستان کے موقے پر اپنے پیغام میں کیا۔شاہ فرمان نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ایک قوم ہیں اور ہماری منزل ایک ہے،واحد نیوکلیئر اسلامی ملک پاکستان آج دنیا کے نقشہ میں انتہائی اہم اور مضبوط مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر او آئی سی کانفرنس پاکستان کی اہمیت و وقار میں اضافہ کا ثبوت ہے،ملک دشمن طاقتیں ہمیں زبان، نسل، رنگ اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں متحد رہنا ہو گا۔