یاسر شاہ نے ابتدائی 32 ٹیسٹ میچز میں زیادہ وکٹیں لیکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

دبئی ۔ 27 نومبر (اے پی پی) سٹار پاکستانی سپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ابتدائی 32 ٹیسٹ میچز میں زیادہ وکٹیں لیکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے 195 وکٹیں لیکر سابق آسٹریلوی باﺅلر سڈنی بارنز سے عالمی ریکارڈ چھین لیا، جنہوں نے 27 میچز میں 189 وکٹیں لے رکھی تھیں، وقار یونس نے 187، ایشون نے 176 وکٹیں لے رکھی تھیں، اس کے ساتھ ساتھ یاسر شاہ ٹیسٹ اننگز میں زیادہ مرتبہ 5 یا زائد وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی باﺅلر بھی بن گئے ہیں، انہوں نے سابق ہم وطن باﺅلرز عبدالقادر اور دانش کنیریا کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز پایا، جنہوں نے یکساں طور پر 15 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے رکھا تھا جبکہ یاسر شاہ 32 ٹیسٹ میچز میں 16 مرتبہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم 25 مرتبہ کارنامہ انجام دے کر سرفہرست ہیں، عمران خان 23 مرتبہ اعزاز حاصل کر کے دوسرے اور وقار یونس 22 مرتبہ اعزاز حاصل کر کے تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔