اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):چیئر پرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن اورحریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے ،انہیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے،انتخابی مہم کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جا تے ہیں،نریندر مودی اپنی سیاست کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیراہتمام سیویاسین ملک رائونڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشعال حسین ملک نےکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی کیلئے مہم پر کشمیری برادری کی مشکور ہوں،یاسین ملک کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے،یاسین ملک نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جا تے ہیں،عالمی برادری کب تک کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم پرخاموش رہے گی؟مشعال ملک نے کہا کہ نریندر مودی اپنی سیاست کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے،کشمیری حق خود ارادیت کیلئے پر امن جدوجہد کر رہے ہیں،یاسین ملک پر ہونے والے ظلم پرعالمی سطح پر بھرپور طریقہ سے آواز اٹھانا ہو گی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے کہا کہ بھارت نے میرے والد یاسین ملک کو کئی سال سے غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے،والد کے پابند سلاسل ہونے سے پورا خاندان شدید قرب سے گزر رہا ہے۔