بیلجیم فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ روڈی گارسیا نے کہا ہے کہ ہر کوئی توقع کر رہا ہے کہ 23 ویں فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ان کی ٹیم سپین کے ہاتھوں باہر ہو جائے گی، لیکن انہیں یقین ہے کہ ان کی ٹیم ایک تاریخی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی
یقین ہے بیلجیم کی ٹیم تاریخی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی ، ہیڈ کوچ

مزید خبریں
لاس اینجلس۔10جولائی (اے پی پی):بیلجیم فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ روڈی گارسیا نے کہا ہے کہ ہر کوئی توقع کر رہا ہے کہ 23 ویں فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ان کی ٹیم سپین کے ہاتھوں باہر ہو جائے گی، لیکن انہیں یقین ہے کہ ان کی ٹیم ایک تاریخی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یورپی چیمپئن سپین کی ٹیم لاس اینجلس میں ہونے والے اس میچ کے لیے فیورٹ قرار دی جا رہی ہے کیونکہ پورے ٹورنامنٹ میں اب تک ان کے خلاف ایک بھی گول نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری طرف بیلجیم کا سفر اب تک کڑا رہا ہے جہاں مصر اور ایران سے ڈرا کے بعد وہ بمشکل اپنے گروپ میں ٹاپ کر سکے اور پھر سینیگال کو شکست دینے کے لئے بھی انہیں سخت جدوجہد کرنا پڑی۔ تاہم میگا ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کوچ روڈی گارسیا انڈر ڈاگ قرار دئیے جانے پر پرامید نظر آئے۔روڈی گارسیا نے کہا کہ ہر کوئی ابھی سے ہمارے گھر واپسی کی باتیں کر رہا ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ سکتے ہیں اور اس کے لئے اپنی پوری جان لڑا دیں گے۔ بیلجیم نے راؤنڈ آف 16 میں شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان امریکہ کو 1-4 سے شکست دی تھی۔ کوچ نے یاد دلایا کہ بیلجیم 13 گولز کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیموں میں فرانس اور ارجنٹائن کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ سٹیڈیم میں امریکی شائقین کی جانب سے ممکنہ مخالفت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ شائقین گول سکور نہیں کرتے، ہمارا پورا فوکس سپین کی مضبوط ٹیم پر ہے اور ہم انہیں ٹکر دینے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیم کے سینئر سٹرائیکر رومیلو لوکاکو نے بھی کوچ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ جب آپ یہاں تک پہنچ جاتے ہیں تو صرف گھر جانے کے لئے نہیں کھیلتے، ہمیں سپین کے خلاف ایک بہترین میچ کھیلنا ہوگا۔








