ریاض ۔21فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کہا ہے کہ یمن کے بے گھر افراد میں موسم سرما کے 600 امدادی بیگز تقسیم کئے جا چکے ہیں جن سے 3 ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے یمن کے بے گھر افراد میں موسم سرما کے دوران 500 بیگز تقسیم کیے جس سے3ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا ،اس کے علاوہ المہرہ کے علاقے میں 89 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیے گئے جن سے 5ہزار سے زیادہ افراد مستفید ہوئے ۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا کہنا ہے کہ یہ امداد یمن کے 15 علاقوں میں ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی ایک لاکھ 92 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا،اس نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں جن پر 5.5 بلین ڈالر رقم خرچ ہوئی۔