ابوظہبی۔9اکتوبر (اے پی پی):):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہاہے کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع ترمواقع موجودہیں اوریواے ای کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیے۔انہوں نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین احمد جاسم الزابی سے ملاقات میں کہی ۔
احمد جاسم الزابی ابو ظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ابو ظبی اور ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں۔پاکستان کے سفیر نے احمد جاسم الزابی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی بصیرت افروز اقدامات اور ابو ظہبی چیمبر کے اقتصادی ترقی میں کردار کو سراہا۔ملاقات کے دوران فریقین نے متحدہ عرب امارات کے چیمبرز اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کے لیے مشترکہ کاروباری منصوبوں کے آغاز بات چیت کی۔پاکستان کے سفیرنے احمد جاسم الزابی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے طریقہ ہائے کار اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع ترمواقع موجودہیں اوریواے ای کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپوراستفادہ کرنا چاہیے۔ سفیر فیصل نیازترمذی نے متحدہ عرب امارات کے چیمبرز کے کاروباری وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ فریقین نے دو برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون میں اضافے، تجارتی سہولیات کی فراہمی کاروباری تعلقات کے قیام، اور جی آئی ٹیکس اورٹیکسپور جیسی تجارتی نمائشوں میں شرکت پر بھی اتفاق کیا۔