یورو کپ 2024 کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں نیدرلینڈز نے ترکیہ اور انگلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

197
Euro Cup 2024
Euro Cup 2024

برلن۔7جولائی (اے پی پی):یورو کپ 2024 کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں نیدرلینڈز نے ترکیہ اور انگلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق یورو کپ کے دلچسپ مقابلے جرمنی میں جاری ہیں ۔میگا ایونٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز نے ترکیہ کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے کامیابی حاصل کی ۔

پہلے ہاف میں ترکیہ کو 0-1 کی سبقت حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف کے 25 ویں منٹ میں نیدرلینڈز کے اسٹیفن ڈی وریج نے گول کر کے میچ برابر کر دیا ، چھ منٹ بعد ترکیہ کے دفاعی کھلاڑی میرٹ مولڈر نے غلطی سے اون گول کر کے نیدرلینڈز کو ایک گول کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔ اس سے قبل کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنا لی ،

دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلے کے بعد میچ مقررہ وقت اور ایکسٹرا ٹائم تک 1-1 گول سے برابر رہا تاہم پینلٹی شوٹ آؤٹ پر انگلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی جہاں اس کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہو گا۔