یورپی ایسوسی ایشن فار زو کاعرب نسل کے چیتے کی افزائش نسل اور تحفظ کے مرکز کو رکنیت دینے کا اعلان

145

ریاض۔11جنوری (اے پی پی):سعودی عرب میں العلا رائل کمیشن کے تحت قائم کئے گئے عرب نسل کے چیتے کی افزائش نسل اور تحفظ کے مرکز کو یورپی ایسوسی ایشن فار زو ’’ای اے زیڈ اے‘‘نے رکنیت دینے کا اعلان کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق عرب نسل چیتے کے تحفظ کے مرکز کی جانب سے اختیار کی جانے والی بہترین حکمت عملی کے تحت مرکز کو رکنیت دی گئی ہے، جوسعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا اور بہترین مرکز قرار دیا گیا ہے۔

ایسا مرکز جو خطے میں نایاب ہونے والے حیوانوں کے تحفظ اور افزائشِ نسل کے لیے مثالی طریقے سے کام کر رہا ہے۔العلا رائل کمیشن میں مرکز کا الحاق 2020 میں ہوا تھا۔ مرکز کی جانب سے بہترین دیکھ بھال کی وجہ سے 2023 تک نایاب چیتوں کی تعداد 14 سے 31 تک پہنچ گئی۔تحفظ ماحولیات کی عالمی یونین کے مطابق عرب نسل چیتے کی نسل کو 1996 سے شدید خطرہ لاحق ہو گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں تحفظ فراہم کرنا ضروری تھا۔