یورپی رہنماؤں کی روس۔یوکرین جنگ بندی مذاکرات کی حمایت

برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان براہِ راست مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں

لندن ۔8جون (اے پی پی):برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان براہِ راست مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔رائٹرز کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر، جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اتوار کو جاری مشترکہ بیان میں زیلنسکی کی جانب سے جنگ کے خاتمے اور سفارتی ذرائع سے امن کے حصول کی کوششوں کو سراہا۔ رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مجوزہ مذاکرات میں امریکہ اور یورپی ممالک کی فعال شمولیت بھی ضروری ہے۔یہ ملاقات لندن میں وزیراعظم ہاؤس 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہوئی، جہاں یوکرینی صدر زیلنسکی بھی موجود تھے۔ تینوں یورپی رہنما غیر رسمی سکیورٹی اتحاد "ای تھری ” کے رکن ہیں، جو یوکرین کے اہم بین الاقوامی حامیوں میں شمار ہوتا ہے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ رہنماؤں نے صدر زیلنسکی کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی مذاکرات کی اپیل اور روس کے ساتھ براہِ راست مکالمے کی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔