یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے، سینیٹر شیری رحمان

170

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ موجودہ افراتفری کے ماحول میں اچھی خبر یہ ہے کہ یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے، اس اہم پیشرفت کے بعد برآمد کنندگان اور تاجروں کو رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 2018 سے پاکستان یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل تھا جس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت، برآمد کنندگان اور تاجروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

شیری رحمان نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالنا ایک بڑی تجارتی اور سفارتی کامیابی ہے جس کا سہرا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم وراثت میں ملی تباہ شدہ معیشت کو درست سمت میں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔