امریکہ ، چین اور برطانیہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے جاری مالی سال کے دوران سرفہرست ممالک بن گئے

ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):امریکہ ، چین اور برطانیہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے جاری مالی سال کے دوران سرفہرست ممالک بن گئے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں امریکہ کو سب سے زیادہ برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں ، اس مدت میں امریکہ کو 4.044 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8.29فیصد کم ہیں۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکہ کو 4.410 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔چین پاکستانی برآمدات کے حوالے سے دوسرا بڑا ملک ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین کو1.334ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.50فیصد کم ہیں۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو1.841ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ برطانیہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک ثابت ہوا ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں برطانیہ کو1.329 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.71فیصد کم ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برطانیہ کو1.472 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جرمنی کو 1.141ار ب ڈالر اور یواے ای کو945 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جرمنی کو 1.132ملین ڈالر اور یو اے ای کو1.180ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8ماہ میں نیدر لینڈ کو982.07 ملین ڈالر اور افغانستان کو346ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نیدر لینڈ کو923.91 اور افغانستان کو296ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔اٹلی کو اس مدت میں 759.39 ملین ڈالر اور سپین کو831ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔