یورپی یونین کا شام اور ہمسایہ ممالک کے لیے 23.5 کروڑ یورو کی امداد کا اعلان

130
European Union
European Union

برسلز۔18جنوری (اے پی پی):یورپی یونین میں ’’بحرانی امور سے متعلق انتظامیہ‘‘ کی خاتون سربراہ الحاجہ لحبیب نے شام اور ہمسایہ ممالک کے لئے23.5 کروڑ یورو کےامدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الحاجہ لحبیب نے زور دیا کہ یہ فیصلہ اس امر کو ظاہر کرتا ہے کہ یورپی یونین متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس سے قبل یورپی یونین کی خاتون ذمے دار نے شام میں عبوری مرحلے کے قائد احمد الشرع سے دمشق میں ملاقات کی تھی۔

الحاجہ کے مطابق یورپ کی جانب سے پیش کی جانے والی امداد میں 12 کروڑ یورو شام کے لیے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دمشق میں الشرع کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں شام پر یورپی ممالک کی پابندیوں میں نرمی کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔

اس حوالے سے نرمی میں ٹرانسپورٹ، آئل اور گیس سیکٹر کے علاوہ بینکاری کی بعض سرگرمیاں شامل کرنے پر بات ہوئی۔اجلاس کے شرکانے باور کرایا کہ یہ فیصلہ شام میں اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کے احترام کی تدابیر پر عمل درآمد کے ساتھ مشروط ہے۔توقع ہے کہ 27 جنوری کو ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مذکورہ پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا جائے گا۔