یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر9.7 فیصداضافہ ریکارڈ

100
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر9.7 فیصداضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سٹیٹ بینک کی جانب سےجاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کرفروری 2024 تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، سپین، اٹلی، یونان ، سویڈن اوریورپی یونین کے دیگرممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.248 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک میں ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.7فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.050 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک میں ارسال کیاتھا۔

فروری 2024 میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زرکاحجم 263.4 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو7.33 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 245.4 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک میں ارسال کیاتھا۔واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 18.082 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.2 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 18.30 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔