ریاض ۔2جون (اے پی پی):سعودی عرب نے یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ العربیہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ اسرائیل کے بارے میں یورپی موقف کافی نہیں ہے اور جنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو کوئی دو ریاستی حل کو ترجیح دیتا ہے اسے فوری طور پر فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کر لینا چاہیے۔
شہزادہ فیصل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے اصلاحاتی نقطہ نظر کو دیکھے۔ انہوں نے کہا اسرائیل مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی حکومت کا عرب وزراء کے وفد کو مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دینا اس کی انتہا پسندی اور امن کو مسترد کرنے کی روش کا اظہار ہے۔