اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کا پختہ یقین ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کا واحدحل اوپن بیلیٹنگ ہی ہے، ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کا کردار بہت اہم ہے ، تحریک انصاف کی تمام تر جدوجہد سینیٹ انتجابات میں شفافیت لانے کیلئے تھی۔
جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز میں یوسف رضا گیلانی کی فتح پر شدید تحفظات ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی اس سلسلے میں آگاہ کیا تھا ، پی ٹی آئی کے پاس بھی یوسف رضاگیلانی کے بیٹے کے خلاف ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں حقیقی جمہوریت کے ثمرات سے لطف اندوز ہونا ہے تو ہمیں ہر شعبے میں شفافیت کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا اور پیسوں کے زور پر الیکشن لڑنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔
سینیٹرشبلی فراز نے مزید کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خریدو فروخت ہوتی ہے،پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے 2018 ء کے سینیٹ انتخابات میں کرپشن کی بناء پر اپنے اراکین کو پارٹی سے نکالا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدام پر اپوزیشن جماعتوں کی چیخیں سمجھ سے بالاتر ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت ملک سے بدعنوانی جیسی لعنت کو ختم کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔