یوسی10بلدیہ ٹائون کے گرائونڈ کو ترقی دے کر ککری گرائونڈ کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا،میئر کراچی

119
بلدیہ عظمی کراچی دل کے دورے اور انجریز کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے شہریوں کو تربیت دے گی، میئر کراچی

کراچی۔ 16 ستمبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ یوسی10بلدیہ ٹائون کے گرائونڈ کو ترقی دے کر ککری گرائونڈ کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا۔ لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول سمیت تمام سہولیات کو فعال کیا جائے گا تاکہ لانڈھی کورنگی کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولت فراہم کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی10بلدیہ ٹائون کے گرائونڈ اور لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا۔

میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سید صلاح الدین، ٹائون چیئرمین کریم آسکانی، یوسی چیئرمین محمد اکرم اعوان اور دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلدیہ ٹائون میں گرائونڈ کا معائنہ کیا اور وہاں سے گذرنے والے سیوریج لائن کے نظام کو درست کرنے اور سیفٹی ٹینک بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس پانی کو گرائونڈ میں سبز ہ کاری کے لئے استعمال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے انجینئرز کی زیر نگرانی گرائونڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ محکمہ پارکس یہاں شجر کاری کے لئے اقدامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون کی یوسیز میں پانی و سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، میں جب بھی یہاں آتا ہوں تو مجھے بڑی خوشی ہوتی ہے کہ یہاں سب لوگ مل کر کام کرتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہوجو کہ ایک خوش آئند ہے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمیں اسی طرح کے طرز عمل کی ضرورت ہے۔ بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے یوسی10بلدیہ ٹائون کے گرائونڈ میں کرکٹ کھیلی اور لوگوں میں گھل مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی جگہ کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنا بڑی بات ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس علاقے کے نوجوانوں کو یہاں کھیل و تفریح کے بہتر ین مواقع میسر آئیں گے۔

لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے دورے پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جبکہ کے ایم سی کے افسران نے بریفنگ دی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی کورنگی کے نوجوانوں کے لئے یہ بڑی سہولت ہے، کھیلوں تک عام افراد کی رسائی ضروری ہے، ہم شہر کے ہر علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، لانڈھی شیر پائو کالونی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے، شہری ان اسپورٹس کمپلیکسز سے استفادہ کریں۔