یومِ شہادت حضرت امام زین العابدینؓ کے موقع پر سرگودھا پولیس نے مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
یومِ شہادتِ حضرتِ امامِ زین العابدینؓ کے موقع پر سرگودھا پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ڈی پی او

مزید خبریں
سرگودھا۔ 10 جولائی (اے پی پی):یوم شہادت حضرت امام زین العابدینؓ 25 محرم الحرام کے موقع پر سرگودھا پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 محرم الحرام کے مرکزی جلوس و مجلس پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔ اس ضمن میں مرکزی جلوس امام بارگاہ 7 بلاک سے شروع ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ 19 بلاک پر اختتام پذیر ہو گا۔ 25 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے سرگودھا پولیس کی 1 ہزار سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے اور جلوس و مجلس کے داخلی وخارجی راستوں پر واک تھروگیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ جلوس میں شامل ہونے والے افراد کی تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی غیرمتعلقہ فرد کی نشاندہی کی جاسکے۔ جلوس کی سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستے بھی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جبکہ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے سرگودھا پولیس ہر لمحہ کوشاں ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ تمام مذہبی اجتماعات کو بلا تفریق فول پروف سکیورٹی انتظامات فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ پُرامن جلوس کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقع سے نمٹا جا سکے۔








