"یومِ عاشورہ ہمیں حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی سے یہ سبق دیتا ہے کہ حق، انصاف اور سچائی کی خاطر ہر دور میں باطل کے سامنے ثابت قدم رہنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔”
یومِ عاشور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 26 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت کرکے عزاداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سید الشہدا حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی قیامت تک حق و صداقت کا روشن مینار رہے گی۔انہو ں نے کہاکہ حضور اکرمﷺ ۖ کے دین اور پیغامِ حق کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ کرپشن، ناانصافی، ظلم، بے راہ روی اور حقوق غصب کرنے والوں کا ساتھ دینا حسینی تعلیمات کے منافی ہے،حالات جیسے بھی ہوں، ایک مسلمان کو ہمیشہ حق، سچ اور انصاف کا ساتھ دینا چاہیے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ یومِ عاشورہ پر کراچی اور سندھ بھر میں عوام نے مثالی نظم و ضبط، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا،سندھ کے عوام عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیغامِ کربلا صرف الفاظ نہیں بلکہ عملی زندگی میں سچ، انصاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے،چودہ سو برس گزرنے کے باوجود کربلا کا پیغام واضح ہے کہ حق کبھی دولت، طاقت، رشوت اور کرپشن کے سامنے سر نہیں جھکاتا، اصل طاقت اللہ تعالی کی اطاعت، رسول اکرمﷺ ۖ کی تعلیمات، حق و انصاف اور غریب و مجبور انسان کی خدمت میں ہے۔ہمیں اتحاد، اخوت اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ پیغامِ حسینؓ کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہاکہ دنیا میں جو بھی حق، انصاف اور سچ کے ساتھ کھڑا ہے، وہ حسینی فکر کا علمبردار ہے، "اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد” ہمیں اسی حسینی فکر، کردار اور قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔








