یوم آزادی پر ون ویلنگ کے60 مقدمات ،تیز رفتاری پر 7 ہزار چالان کئے گئے،عمارہ اطہر

113
CTO Lahore Amara Athar

لاہور۔15اگست (اے پی پی):سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ 13 اور 14 اگست کو ون ویلنگ کرنے پر 60 مقدمات جبکہ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے پر 7 ہزار چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ کم عمر ڈرائیونگ پر 04 ہزار چالان ٹکٹس جبکہ 3 سوار ہوکر سفر کرنے پر 1210 چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس، ڈولفن اور پیرو فورس کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، سٹی ٹریفک پولیس کے تمام افسران سڑکوں پر گشت کرتے رہے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ون ویلرز کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کی جاتی رہی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ مال روڈ، مین بلیوارڈ، کینال روڈ اور جیل روڈ پر متعدد منچلوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا، جشن آزادی کے موقع پر 3 ہزار سے زائد وارڈنز نے فرائض سرانجام دئیے۔ عمارہ اطہر نے کہا کہ یوم آزادی پر ٹریفک پلان کو یقینی بنانے پر شہریوں، میڈیا اور والدین کے مشکور ہیں۔