یوم آزادی کی تقریبات میں ملک بھر ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام کا آزادی کے ہیروز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان کے 80 وین یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں قومی فخر پورے عروج پر رہا ، پاکستان ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جمعہ کو رنگارنگ تقریبات، ڈیجیٹل خراج تحسین اور قوم کیلئے قربانیوں کی تجدید کے عہد کے ساتھ یوم آزادی منایا گیا۔اسلام آباد سے لے کر مظفرآباد اور گلگت تک عوام نے …

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان کے 80 وین یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں قومی فخر پورے عروج پر رہا ، پاکستان ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جمعہ کو رنگارنگ تقریبات، ڈیجیٹل خراج تحسین اور قوم کیلئے قربانیوں کی تجدید کے عہد کے ساتھ یوم آزادی منایا گیا۔اسلام آباد سے لے کر مظفرآباد اور گلگت تک عوام نے کثیر تعداد میں ریلیوں، ثقافتی پروگراموں اور آتش بازی کے ذریعے جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا اور جدوجہد آزادی میں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔سکولوں، سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات کو سبز اور سفید رنگوں سے سجایا گیا جبکہ ہر جگہ پر حب الوطنی کے گیت اور نعرے گونجتے رہے۔

یوم آزادی کے حوالہ سے اسلام آباد کے ایک شہری نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اداروں کی جانب سے ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، پریڈ اور عوامی تقریبات کی لائیو کوریج فراہم کی گئی جو قابل تحسین ہے۔ آزادی کے دن کی مناسبت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویڈیوز، تصاویر اور یکجہتی کے پیغامات سے بھر گئے ، شہریوں نے قیام پاکستان کے سفر کی یادیں شیئر کیں۔ یوم آزادی کی خصوصی نشریات میں تحریک پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلمیں اور ٹاک شوز نشر کیے گئے، تجزیہ کاروں اور مورخین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بانیان پاکستان کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھیں۔

ملک بھر کے مختلف شہروں کے رہائشیوں نے اپنے جوش و خروش کا بھر پور اظہار کیا اور کہا کہ ہر سال ہم جوش و خروش کے ساتھ جشن آزادی مناتے ہیں۔جشن آزادی کے حوالہ سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ اتحاد کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہئے اور آزادی کی قدر کو سمجھنا چاہئے۔ یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچموں، سبز اور سفید لباسوں اور دیگر مصنوعات کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جبکہ سبز اور سفید رنگوں اور حب الوطنی کے پیغامات پر مشتمل خصوصی طور پر تیار کئے گئے کیک بھی بے حد مقبول ہوئے۔

دوسری جانب نوجوانوں، سیاست دانوں اور مشہور شخصیات نے پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرجوش پیغامات سے سوشل میڈیا کو بھر دیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹوں میں یہ پیغام نمایاں تھا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، آئیے ایک روشن مستقبل بنا کر اپنے ماضی کا احترام کریں ۔ نوجوانوں نے امید اور اتحاد کا اظہار کرتے ہوئے گلیوں میں ہونے والی تقریبات کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

 

مزید خبریں