پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے اقتصادی سرگرمیوں، راہداری اور سود مند عالمی مفادات کاگڑھ ہے،امریکہ میں پاکستانی سفیرکا ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے خطاب

واشنگٹن۔15اگست (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو محل وقوع کے لحاظ سے اقتصادی سرگرمیوں، راہداری اور سود مند عالمی مفادات کاگڑھ قرار دیاجا رہا ہے، ہم پاکستان کو خطے میں امن اور خوشحالی کا مینارہ نور بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اتوار کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہاں موصول ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر واشنگٹن میں بھی پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر حکام، امریکہ سے پاکستان کے دوستوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سفیر نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے آبا ئواجداد کے وژن اور بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جس کے نتیجے میں بالآخر پاکستان معرض وجود میں آیا۔

پاکستان نے گزشتہ75 سالوں میں شاندار سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن چیلنجز کے باوجود ہمت اور اعتماد کے ساتھ مسائل پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے ملک کے مستقبل کے وژن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو منفرد جغرافیائی محل وقوع، آبادیاتی تقسیم، جمہوری رجحان، بھرپور انسانی اور قدرتی وسائل نے واضح طور پر اپنے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک منفرد مقام پر پہنچا دیا ہے۔

اس موقع پر سفیر نے امریکہ کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات ، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی تعاون، عوام سے عوام کے روابط، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف اہم شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری پر مبنی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ سفیر نیکہا کہ ہم امن سازی، قیام امن اور بقائے امن میں شراکت دار رہے ہیں، ہم خطے اور اس سے باہر امن اور خوشحالی کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ۔

سفیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی ہمیشہ امریکہ سے زبردست ثقافتی وابستگی رہی ہے، ہمارے ذہین ترین نوجوان مرد اور خواتین فلبرائٹ جیسے اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ان فلبرائٹ سکالرز نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں زبردست کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر سفیر نے امریکہ میں مقیم فعال اور متحرک پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار اور امریکی سیاست، ثقافت اور معیشت میں ان کے گراں قدر تعاون کو بھی سراہا۔

مسعود خان نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ محکمہ خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیوں نے ایک آزاد اور جمہوری آزاد معاشرے کا تصوردیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ نے ہمیشہ ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دونوں ممالک کے مفادات کے لیے ضروری سمجھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان کئی دہائیوں کے تعاون کو فروغ دیا ہے، جن چیلنجوں سے ہمارے دونوں ممالک مشترکہ طور پر نمٹ رہے ہیں ان میں تجارتی تعاون کا فروغ، جاری کوویڈ کی صورتحال، موسمیاتی بحران، تعلیمی رسائی اورعلاقائی امن و استحکام میں عمدگی اور بہتری شامل ہیں۔انہوں نے خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہر سال 800 طلبا امریکہکا وزٹ کر تے ہیں اور 37 ہزار سے زائد سابق طلبا کے نیٹ ورک پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر طالب علم ہمارے تعلقات کو آگے بڑھانے کا سفیر اورعلمبردار ہے۔

ہورسٹ نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات پر بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ، پاکستان کی تجارت میں گزشتہ سال زراعت اور توانائی کے شعبے میں200 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی میں ابھی بہت سے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکن پاکستان فائونڈیشن اور نیشنل میوزیم آف امریکن ڈپلومیسی کی طرف سے ہمارے گہرے ہوتے ہوئے تعلیمی تعلقات کے جشن پر نئی نمائش کے افتتاح کرنے کے لیے اگلے ماہ محکمہ خارجہ میں سفیر مسعود خان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

اس موقع پر نوجوانوں کے نمائندوں اور کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے نوجوانوں نے بھی خطاب کیا۔ امریکی صدر کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی ثانیہ عالم اور سپیڈ لرننگ اینڈ مائنڈ میپنگ کی کوچ اور ڈاکٹر قیصرہ سعید جنہوں نے اپنی دیگر نمایاں کامیابیوں کے علاوہ کے ٹوسر کر رکھی ہے، نے بھی خطاب کیا۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں کام کرنے کا موقع حاصل کرنے والے نوجوان انٹرنیز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ پاکستانی سفیر نے امریکی مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کاکیک بھی کاٹا۔