کوئٹہ۔ 13 اگست (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ یومِ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی آزادی کی قدر اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم آزادی کی قدر کریں، قومی یکجہتی کو فروغ دیں، اور ہر شعبہ زندگی میں ایمانداری، محنت اور قربانی کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر ڈگری گرلز کالج سیٹلائٹ ٹان کوئٹہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی آزادی کی قدر اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔ہم سب اپنے وطنِ عزیز پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے یہ دن ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد اور خود مختار وطن کے لیے دیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آزادی کی قدر کریں، قومی یکجہتی کو فروغ دیں، اور ہر شعبہ زندگی میں ایمانداری، محنت اور قربانی کو اپنا شعار بنائیں۔ بلوچستان سمیت پورا پاکستان ہمارے لیے ایک گھر کی مانند ہے، اور اس کی حفاظت و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آئیں اس عہد کا اعادہ کریں کہ ہم پاکستان کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کا اصل سرمایہ اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ بلوچستان حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔تقریب کے دوران میر لیاقت علی لہڑی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں نقد انعامات اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔ طالبات اور اساتذہ نے ان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے تعلیمی میدان میں مقابلے کا رجحان اور حوصلہ افزائی پیدا ہوتی ہے۔تقریب میں کالج کی پرنسپل، اساتذہ، والدین، اور طلبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یومِ آزادی کے حوالے سے مختلف رنگا رنگ پروگرامز، ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے، جنہیں شرکا نے خوب سراہا