اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت یوم آزادی 2025 کو’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منانے کے سلسلے میں دوسرا اعلیٰ سطحی رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ آئی ایس پی آر، کابینہ ڈویژن، وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، وزارت قومی ورثہ و ثقافت، وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات کی تیاریوں اور تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ یوم آزادی کی تقریبات میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کیا جائے تاکہ یہ جشن قومی ہم آہنگی اتحاد اور شمولیت کا حقیقی مظہر بنے۔
انہوں نے زور دیا کہ چاروں صوبوں کےساتھ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ جشن آزادی ہمارے لیے ایک عظیم موقع ہے جسے ہم قومی اتحاد، یکجہتی اور ثابت قدمی کے جذبے کے ساتھ بھرپور انداز میں منائیں گے۔احسن اقبال نے ہدایت دی کہ سڑکوں اور شاہراہوں پر چراغاں کیا جائے تاکہ دنیا کو یہ پیغام ملے کہ اس سال کا یوم آزادی امید، وحدت اور ولولے کا نیا پیغام لے کر آیا ہے۔وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ان کے تفویض کردہ امور کے مطابق فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات اور جشن آزادی کے ذریعے ہمیں اپنی قوم بالخصوص نوجوان نسل اور عام شہری کو ایک واضح، مثبت اور متحرک پیغام دینا ہے۔اجلاس میں تمام اداروں کو اپنی تیاریوں کو مربوط اور موثر بنانے کے لیے قریبی تعاون کی تلقین کی گئی تاکہ جشن آزادی 2025 ایک یادگار اور بامقصد قومی موقع کے طور پر منایا جا سکے۔