یوم استحصال کشمیر، ایف جی ای ایچ اے کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی واک، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

یوم استحصال کشمیر، ایف جی ای ایچ اے کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی واک، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایف جی ای ایچ اے ہیڈ آفس جی-10 اور سائٹ آفس سیکٹر جی-13 میں اظہار یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران، ملازمین اور مقامی شہریوں نے شرکت کرکے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔واک کے شرکا نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت، امن، انصاف اور وقار کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں بعض ایام محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں ہوتے بلکہ نسلوں کی اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں۔

ان کے مطابق 5 اگست ایسا ہی ایک دن ہے جس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی و آئینی حیثیت کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا کی سیاست، سفارت کاری اور امن کے امکانات پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت میں تبدیلی کے بعد مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا جس کے خطے کے امن، استحکام اور سفارتی ماحول پر نمایاں اثرات مرتب ہوئے۔انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر جنوبی ایشیا کے اہم ترین تنازعات میں سے ایک ہے جس کا پائیدار اور پرامن حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قوانین، انصاف اور بامعنی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

واک کے دوران کشمیری عوام کی استقامت، قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے انصاف، برداشت اور باہمی احترام کی اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایسی کوششیں جاری رہیں گی جو خطے میں دیرپا امن اور عوام کے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کریں۔