پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے بدھ کو جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کے دورے پر موجود ہے، کیلئے پی ایف ایف نے روایتی پاکستانی مہمان نوازی اور …
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے بدھ کو جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کے دورے پر موجود ہے، کیلئے پی ایف ایف نے روایتی پاکستانی مہمان نوازی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ظہرانہ کی تقریب کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پی ایف ایف کی قیادت کا یہ اقدام انتہائی قابلِ تحسین ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کھیل دوست ملک ہے جو تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے، ہمیں امید ہے کہ ملک کی دیگر سپورٹس فیڈریشنز بھی پی ایف ایف کی پیروی کرتے ہوئے بہترین مہمان نوازی کی روایت برقرار رکھیں گی، ماضی میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے فٹ بال کے میدان میں بھی ٹیموں کوکامیابی کا بنیادی طریقہ کار فراہم کیا تھا۔ 1978 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بیونس آئرس کے مقام پر پاکستان کی فتح نے ارجنٹائن کے فٹ بال منیجر سیزر لوئس مینوٹی کو ایسا جارحانہ اور پوزیشن پر مبنی طریقہ کار اپنانے کی ترغیب دی جس کی بدولت ارجنٹائن نے اسی سال اپنا پہلا فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران گرمجوشی سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور پاکستان نے اس میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس کھیل نے ہمیں قومی ہیرو دیئے ہیں جن سے سیکھتے ہوئے ہم ملک میں فٹ بال کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔ پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے انہی جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے یہ اس کھیل کے لئے ایک چھوٹی سی کاوش ہے جس نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں خوبصورت ترین لمحات دیئے ہیں۔
ہم پی ایچ ایف کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں فیڈریشنز اپنے اپنے کھیلوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کر سکیں۔ پی ایف ایف کے صدر کے حکومتی امور سے متعلق مشیر ایاب احمد نے اس دورے کے نتیجے میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو سراہا۔ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان نے مہمان ٹیم کے لئے پاکستان میں قیام کو خوشگوار قرار دیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تبادلوں کی امید ظاہر کی۔پی ایف ایف کانگریس کے رکن راجہ محمد اشتیاق اور پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن وسیم راجہ نے بھی مختلف کھیلوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے اس اقدام کی تعریف کی۔







