یوم دفاع دشمن کےخلاف ایک ہونے کا دن ہے، کمشنر ملتان ڈویژن

کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر دشمن کے خلاف پوری قوم کے ایک ہونے اور ملکی دفاع کے لیے اپنے عزم کو مضبوط کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پرجاری پیغام میں کہا کہ مادر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔

ملتان۔ 06 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر دشمن کے خلاف پوری قوم کے ایک ہونے اور ملکی دفاع کے لیے اپنے عزم کو مضبوط کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پرجاری پیغام میں کہا کہ مادر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع قومی سطح پر شکرانے کا دن بھی ہے، جب پاک فوج کے جوانوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کے موقع پر پاک فوج کو فتح نصیب ہوئی جبکہ دشمن کے لیے ذلت مقدر بنی۔کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹوں نے شجاعت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو نشان عبرت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں بھی افواج پاکستان نے دشمن کے ارادے خاک میں ملا کر قومی دفاع اور بہادری کی نئی مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان پوری قوم کا فخر اور پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ وطن پر جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے جانباز سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔کمشنر ملتان نے وطن عزیز کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔