"یومِ عاشورہ پر اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی ایصالِ ثواب، مرحومین کی یاد اور دینی و معاشرتی روایات سے وابستگی کا خوبصورت اظہار ہے۔”
یوم عاشورکے موقع پر شہریوں کی قبرستانوں میں آمد، اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پر حاضری اورفاتحہ خوانی کی گئی

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 26 جون (اے پی پی):فیصل آباد میں جمعہ کو یوم عاشورکے موقع پر لاکھوں شہریوں کی مختلف قبرستانوں میں آمدکاسلسلہ جاری رہا ۔جو اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پر حاضری دیکر ان کی بخشش اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت اور قرآن و فاتحہ خوانی کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق قبرستانوں میں لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا اور کثیر تعداد میں لوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔شہریوں نے قبروں پر پھول،پتیاں نچھاور کیں،اگر بتیاں جلائیں اور قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کیلئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پرکئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جبکہ قبروں پرحاضری کے موقع پر مرد، نوجوان، بزرگ حضرات سمیت خواتین کی آنکھیں نم ہوگئیں اور وہ اپنے پیاروں کو یاد کر کے آنسو بہاتے رہے۔اس موقع پر بعض بوسیدہ قبروں کی لپائی اور مٹی بھی ڈالی گئی۔ یوم عاشور کے موقع پر قبرستانوں میں بھی پولیس تعینات اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔








