یوم عاشور تمام مسالک،تمام مکاتب فکر کیلئے یکساں اہمیت کاحامل ہے،رانا تنویر حسین

197
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت ،فوڈ سیکورٹی و پیداوار رانا تنویر حسین نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ اسلامی تاریخ کا اہم دن ہے جو تمام مسالک،تمام مکاتب فکر کیلئے یکساں اہمیت کاحامل ہے۔یہ دن ہمیں آپس میں باہمی احترام و محبت برداشت و رواداری کے جذبوں کو پروان چڑھانے کا درس دیتے ہیں۔حضرت امام حسین علیہ اسلام اور ان کے رفقاءقرآنی تعلیمات برداشت،قربانی اور جذبہ شہادت کی لازوال مثال ہیں۔یوم عاشورہ کی قربانی باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی ہے جو قیامت تک آنے والوں کیلئے مشعل راہ ہو گی۔شہادت امام حسین علیہ السلام حقیقت میں انسانیت کی فتح اور اسلامی اصولوں کی سر بلندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول امام عالی مقام نے دنیا کو سبق دیا کہ حریت ایک بنیادی حق ہے،حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے۔ اس دن حق و باطل کے درمیان وہ جنگ لڑی گئی جو قیامت تک مسلمانوں کو ظلم و بربریت کے خلاف جہاد کرنے کا درس دیتی ہے۔شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی ترقی کیلئے خود کو وقف کر دیں۔یوم عاشور کے موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔

بحیثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے معاشرے میں مسلسل انتشار پھیلا رہی ہیں۔یوم عاشورہ اس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم اسلام اور ملک کی حفاظت و استحکام کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔وطن عزیز آج پھرسے اندرونی خلفشار کا شکار ہے ہم پر عزم اور مستعد ہیں اور یوم عاشورہ کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے درمیان باہمی رواداری، مذہبی اخوت، سیاسی وسماجی ہم آہنگی اور اتحاد کو مضبوط بنیادوں پر استوار کریں گے۔اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ ہمیں باطل کے مقابلے میں کلمہ حق کہنے کی جرات عطافرمائے۔