لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول ،جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین اور ان کے جانثاروں کو سلام ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل بیت سے محبت وتکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے،واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا گراں قدر اور تاریخ ساز باب ہے،حق حسین سے زندہ رہتا ہے اور باطل داغ ملامت لیکر مر جاتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ حق وباطل کا معرکہ روز ازل سے برپا ہے مگر واقعہ کربلا سوز سے لکھا اور اشک بار آنکھوں سے پڑھا جاتاہے ،حق کے لئے جینے اور حق کے لئے ہی مرنے والے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسین نے ثابت کردیا حق کی سربلندی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے گریز نہ کرنا مردان حق کا شیوہ ہے،حضرت امام حسین اور ان کے ساتھی حق اور سچ کی راہ پر چلنے والوں کے لئے مینارہ نور ہیں، حضرت امام حسین نے میدان کربلا میں جرات و شجاعت کی بے مثال تاریخ رقم کی ۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ داستان کربلا رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو جرات وحوصلہ عطاکرتی رہے گی،یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسین کی روشن تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کااعادہ کرنا ہے۔مریم نوازشریف نے کہا کہ آج غزہ میں پھر کربلا کی تاریخ دہرائی جار ہی ہے۔