یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس

102
دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا ،کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ

مظفرآباد۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس سے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے خطاب کیا۔

وفاقی وزیرامور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیرمنصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال، وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ، وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت کانفرنس کے وفد نے بھی خصوصی اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی 05فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ آمد اور قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے کشمیریوں کے حوصلے بند ہونگے اور مسئلہ کشمیر کو تقویت ملے گی۔

پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی وسفارتی حمایت کی اور ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر ہر جاندار اور دوٹوک موقف اپنایا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور تحریک تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ ہندوستان فوجی طاقت کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے میں ہمیشہ ناکام رہا اور آئندہ بھی اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔

سپیکر نے کہا کہ آج کے دن ہم اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قرارداوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت نے کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت کی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہر سال پاکستان کے صدر یا وزیراعظم یہاں آتے ہیں اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جبکہ آزادکشمیر کو پاکستان سے ملانے والے تمام انٹری پوانٹس پر دونوں اطراف کے عوام ااور قیادت انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ معاشی، سیاسی اور سفارتی مشکلات کے باوجود کشمیریو ں کے حق خودارادیت کی واضح اور دوٹوک انداز میں حمایت کی ہے۔پاکستان کی تمام سیاسی قیادت، حکومت اور عوام آج بھی ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے جس پر ہم انکے شکرگزار ہیں۔کشمیریوں کی خواہش ہے کہ پاکستان معاشی اور سیاسی بحران سے نکلے اور ترقی کے راستے پر گامزن ہوکیونکہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔

اجلاس میں ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے شہدا کشمیر، شہدا فلسطین اور افواج پاکستان کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی ، بعدا زان سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قانون سازاسمبلی کا اجلاس 6فروری بروز جمعرات دن 11:00بجے تک ملتوی کر دیا۔