اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے گروپ کو فوری طور پر تحلیل کر دیا ہے تاکہ اس کی تنظیم نو کے ساتھ ساتھ نیا خون بھی شامل کیا جا سکے۔ اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے شہزاد علی ملک نے کہا کہ چند روز قبل ان کی زیر صدارت ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، چیئرمین اور سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کے علاوہ گروپ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس کی روشنی میں ملک بھر میں یو بی جی کے دیگر تمام عہدیداران فوری طور پر اپنے عہدوں سے سبکدوش ہو گئے ہیں جس سے گروپ کو از سر نو منظم و متحرک کرنے اور اس کی اوور ہالنگ کی راہ ہموار ہو گی۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ کاروباری برادری میں اچھی شہرت کے حامل مخلص اور وفادار تاجر رہنمائوں کو میرٹ پر گروپ میں نئی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جائے گا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کی خدمت گروپ کی اولین ترجیح ہے اور امید ہے کہ نو تنظیم شدہ گروپ کے نو منتخب سرپرست اعلیٰ، وزیر صنعت و توانائی پنجاب، ایس ایم تنویر کی متحرک قیادت میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کرنے کے علاوہ ملک کو تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔