اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ یونان میں کشتی کے سانحے میں جاں بحق ہونے والے چار پاکستانیوں کی میتیں دو الگ الگ پروازوں میں لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعے کو پریس بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ میتوں کو گجرات اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونان میں ہمارا مشن آئندہ چند دنوں میں باقی میتوں کی واپسی کے لئے کام کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم متاثرین کی شناخت کے لیے یونانی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔