یونیسکو کے نمائندہ برائے پاکستان فواد پاشایف کا تاریخی پھروالا قلعہ، مائی قمرو مسجد اور مقبرہ سلطان مقرب خان کا دورہ ، تاریخی گکھڑ ورثے کے مقامات کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف
یونیسکو کے نمائندہ برائے پاکستان فواد پاشایف کا تاریخی پھروالا قلعہ، مائی قمرو مسجد اور مقبرہ سلطان مقرب خان کا دورہ ، تاریخی گکھڑ ورثے کے مقامات کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):یونیسکو کے نمائندہ برائے پاکستان فواد پاشایف نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کے ہمراہ منگل کے روز تاریخی پھروالا قلعہ، مائی قمرو مسجد اور مقبرہ سلطان مقرب خان کا دورہ کیا۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی بھی یونیسکو کے وفد کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر (ڈی او اے ایم) کے حکام نے یونیسکو کے نمائندہ کو ان تاریخی، آثارِ قدیمہ اور ثقافتی مقامات کی اہمیت اور محکمہ کی جانب سے ان کے تحفظ اور بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر فواد پاشایف نے مقام پر ایک پودا بھی لگایا جو ماحولیات کے تحفظ اور ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کے عزم کی علامت ہے۔
فواد پاشایف نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی قیادت میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جانب سے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور گکھڑ قبیلے کی تاریخی میراث کے تحفظ اور فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔انہیں بتایا گیا کہ پھروالا قلعہ، مائی قمرو مسجد اور مقبرہ سلطان مقرب خان سمیت یہ تاریخی مقامات پاکستان کی یونیسکو عالمی ورثہ کی عارضی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی حدود میں واقع ان اہم تاریخی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔یونیسکو کے نمائندہ کو گکھڑ قبیلے کی تاریخ، خطے میں اس کے تاریخی کردار اور ان یادگاروں کی اہمیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کی جانب سے جاری تحفظ و بحالی کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے قیمتی آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے تاکہ اسے آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہ اللہ دتہ غاروں کو خطے کی گندھارا تہذیب اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لئے اکتوبر کے پہلے نصف میں افتتاح کے بعد سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے یونیسکو کے نمائندہ برائے پاکستان فواد پاشایف کو شاہ اللہ دتہ غاروں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخی مقامات کے تحفظ اور ترقی سے نہ صرف پاکستان کے قیمتی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا رہا ہے بلکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔پھروالا قلعہ، مائی قمرو مسجد اور مقبرہ سلطان مقرب خان کے تحفظ اور بحالی کا کام بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق انجام دیا گیا ہے۔
سیاحوں کی سہولت کے لئے ان مقامات پر بیٹھنے کی جگہیں، واش رومز اور خوبصورت لینڈ سکیپنگ بھی کی گئی ہے تاکہ سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔فواد پاشایف نے پاکستان کے مادی اور غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے تاریخی مقامات کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔دورے کے دوران قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر اور یونیسکو کے درمیان پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کے تحفظ، فروغ اور عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔








