یونیورسٹیاں ریسرچ کوموجودہ مسائل سے منسلک کریں تاکہ اس کا ملک کو فائدہ ہو ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین 

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یونیورسٹیاں ریسرچ کوموجودہ مسائل سے منسلک کریں تاکہ اس ریسرچ کا ملک کو فائدہ ہو ، ہنر کی تعلیم کی پوری دنیا میں مانگ ہے، حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، یونیورسٹیاں پیشہ وارانہ تعلیم کے پروگرام شروع کریں حکومت معاونت کرے گی۔ وہ بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی کی رینکنگ سیلیبریشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی رینکنگ میں پوزیشن قابل ستائش ہے ،قائد اعظم یونیورسٹی ہر شعبے میں بہترین کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ یونیورسٹی میں طالبعلموں کی جانب سے گزشتہ دنوں کچھ واقعات ہوئے جس پر انتہائی افسوس ہوا،طالب علموں کے مسائل ہوتے ہیں لیکن انہیں بہتر انداز میں حل کیاجانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں میں طلبہ سرگرمیاں انتہائی ضروری ہوتی ہیں ان سرگرمیوں سے ان میں لیڈر شپ پیدا ہوتی ہے ، طلبہ یونین نے اس ملک کو بہت بڑے بڑے لیڈر دیے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے یونیورسٹیوں میں آئین کی تعلیم لازمی قرار دینے کی تجویز پسند آئی ہے ، طلبہ کو آئین کے بارے میں علم ہونا چا ہیے پھر ہی وہ آئین کی پاسداری پر عمل کو یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمیں کوکنگ آئل سمیت بہت سی چیزیں باہر سے منگوانا پڑتی ہیں ، ہماری یونیورسٹیاں اپنی ریسرچ کو ملک کے موجودہ مسائل سے منسلک کریں تاکہ اس ریسرچ کا ملک کو فائدہ ہو ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری تعلیم عالمی معیار کے مطابق نہیں ، ہمارے پی ایچ ڈیز سڑکوں پر رل رہے ہیں، یونیورسٹیاں تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے پی ایچ ڈیز کا وظیفہ ایک لاکھ سے دو لاکھ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری حکومت نے تعلیم کے حوالے سے پنجاب میں بہت کام کیا، گزشتہ حکومت کے دور میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو ٹیچرز بھرتی کیا گیا، یونیورسٹی کی جانب سے ٹیچرز کی تربیت کے حوالے سے پروگرام قابل ستائش ہے ،ہائیر ایجوکیشن کی فنڈنگ کا مسئلہ تھا جسے ہم نے حل کیا اور بڑھایاہم نے مختلف وزارتوں کو کٹ لگایا ہے تاکہ تعلیم کا حرج نہ ہو،تمام یونیورسٹیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر فنڈز کی تقسیم ہونی چاہیے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بیرونی ممالک میں بھی تربیت یافتہ ہنرمندوں کی طلب ہے، اس سال وزیراعظم نے اڑھائی سو ووکیشنل ٹریننگ سکولز بنانے کی منظوری دی ہے ،ہماری نیشنل سکلز یونیورسٹی بہت اچھا کام کر رہی ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں بھارت ہم سے آگے ہے ،بھارت کا بنگلور شہر ائی ٹی کا مرکز ہے ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے لیکن ائی ٹی کے شعبے میں لانگ ٹرم منصوبوں کی ضرورت ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، چیئرپرسن ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل، قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے ڈینز، فیکلٹی اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں یونیورسٹی رینکنگ سیلیبریشن کا کیک بھی کاٹا گیا۔