یونیورسٹی آف سرگودھا میں "وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر” کے بورڈ آف گورنرزکے پہلے اجلاس کا انعقاد

یونیورسٹی آف سرگودھا میں "وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر" کے بورڈ آف گورنرزکے پہلے اجلاس کا انعقاد

135
University of Sargodha
University of Sargodha

سرگودھا۔16اگست (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر میں طلبہ کے کاروباری آئیڈیاز کو سینچنے اور مارکیٹ میں متعارف کروانے کیلئے وائیں فاؤنڈیشن10کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرے گی۔اس بات کا فیصلہ وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے پہلے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں وائیں فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر وائیں سمیت بورڈ آف گورنرز کے ممبران سلیم رانجھاء، اشرف قریشی، رضوان احمد، ڈاکٹراحمد رضا بلال، سلمان پراچہ اور سمیرا ثمر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے پزیرائی سمیٹنے اوردو کروڑ چالیس لاکھ روپے کے فنڈز حاصل کرنے پر وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کے بزنس آئیڈیاز کی افزائش اور ان آئیڈیاز کو مارکیٹ میں متعارف کرنے کیلئے فنڈ کا اجراء کیا جائے جبکہ اس فنڈ کیلئے10کروڑ روپے وائیں فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بچوں کے بزنس آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کے لیے 10کروڑ روپے کا فنڈ دینے پر وائیں فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر وائیں کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یونیورسٹی آف سرگودھا اور وائیں فاؤنڈیشن مل کر کام کرتے رہیں گے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ بطور وائس چانسلر طلبہ میری اوّلین ترجیح ہیں اور طلبہ کو کامیاب کاروباری شخصیات میں بدلنے کیلئے وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے جس کا اعتراف ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائیں فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فنڈ سے طلبہ کے بزنس آئیڈیاز کی آبیاری کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو مارکیٹ میں جگہ ملے، ہماری کوشش ہے کہ وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر میں ایسے بزنس آئیڈیاز کو پروان چڑھایا جائے کہ جن میں سے ایسی کمپنیاں باہر نکلیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنا مقام حاصل کریں۔

وائس چانسلر نے حال ہی میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ ہونے والے باہمی تعاون کے معاہدے کے بارے میں بھی بتایا۔ اس معاہدے کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا اور این آر ایس پی مل کر سرگودھا میں خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کریں گے جس سے آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ طلبہ کو اپنے پیشہ میں آگے بڑھنے کیلئے بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ این آر ایس پی کے سی ای او راشد باوجوہ کو وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کا ممبر بھی بنایا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عامر وائیں نے کہا کہ میری دلی خواہش تھی کہ میرے شہر سرگودھا میں ایک اعلیٰ معیار کا انکیوبیشن سنٹر ہو کہ جو نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینے کیلئے کام کرے۔ یونیورسٹی آف سرگودھا میں وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر کے قیام سے میرا یہ خواب پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینے کیلئے جتنا ممکن ہو سکا وہ مدد فراہم کریں گے۔