یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد، پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم

150

سرگودھا۔18اگست (اے پی پی):سرگودھا یونیورسٹی کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے طلباوطالبات کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ کےلئے ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات مکمل کرنیوالے طلباؤ طالبات کو موجودہ دور کے مطابق راہنمائی فراہم کرنے اور ان کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے مقامی سطح پر یونیورسٹی میں ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں طلباو طالبات نے شرکت کی اور اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی معروف ماہر تعلیم پروفیسر شوکت علی جبکہ ڈاکٹر الیاس اوراحمد وقار مہمانان گرامی میں شامل تھے۔

تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلباو طالبات نے اپنے والدین کے ہمراہ شرکت کی اور یونیورسٹی انتظامیہ کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا کہ ہم نسل نو کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں آئندہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں اور اس حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے، کیونکہ آج کے طلبہ نے آنے والے کل میں ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے ،اس لئے ان کی درست سمت میں راہنمائی وقت کا اہم تقاضا ہے ۔تقریب سے ماہر تعلیم پروفیسر شوکت علی، ڈائریکٹر ایڈمیشن زاہد اعوان، اسسٹنٹ مینیجر او ایس اے مس اذکامحمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور بعد ازاں پوزیشن ہولڈرز میں کیش ایوارڈ کے علاوہ اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔