یونیورسٹی آف سرگودھا کے قیام سے شاہینوں کے شہر میں تعلیمی انقلاب کے ساتھ معاشی و معاشرتی انقلاب بھی آیا،پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس

120

سرگودھا۔17فروری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے قیام سے شاہینوں کے شہر میں تعلیمی انقلاب کے ساتھ معاشی و معاشرتی انقلاب بھی آیا،اپ گریڈ ہونے والا ادارہ چند برسوں کے بعد اپنے قیام کا صد سالہ جشن منارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہاروائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ادارے کے سابقہ طالب علموں (ایلومینائی) سے خصوصی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طالب کسی نہ کسی حوالے سے ادارے سے وابستہ رہتے ہیں اور یہی سابقہ طالب علم اداروں کی تعلیمی ترقی کیلئے بھرپور اور کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل کو ختم کئے بغیر ہم اپنا شمار بین الاقوامی سطح پر نہیں کرواسکتے جس کے لئے ہم نے تعلیمی پروگراموں کو انڈسٹری کے ساتھ جوڑنے کا ایک ایسا جامع اور مربوط پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک سے اپنے علمی پیاس بجھانے کے لئے طالب علم یہاں آرہے ہیں جس کی وجہ یونیورسٹی کا صوبہ پنجاب میں ٹیچنگ میں پہلے نمبر پر اور ملک بھر میں دوسرے نمبر پر آنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے تمام سابقہ طالب علموں بالخصوص اعلیٰ کارکردگی کے حامل ایلومینائی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ادارے میں ایک ایلومینائی کلب قائم کردیا گیا ہے اوراس کا باقاعدہ آفس قائم کریں گے نیز اپنے انہی سابق طالب علموں کو لائبریری تک رسائی دے دی ہے جس کے لئے انہیں لائبریری کارڈ بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی آپ کا اپنا گھر اور علمی خاندان ہے۔ سال 2029ء میں ادارہ اپنا صد سالہ جشن منائے گا جو نہ صرف ہمارے لئے بلکہ شہر سرگودھا کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ایجادات و دریافت کا سہرا تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹی کو جاتا ہے اور انہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے یونیورسٹی میں نئے نظریات کو سامنے لانے کے لئے انکوبیشن سنٹر قائم کردیا ہے اور ایجادات کے لئے ٹیکنالوجی پارک بنا رہے ہیں اور معاشرتی ترقی کیلئے کمیونٹی سروس کا آغاز کررہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سابقہ طالب علموں کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ اس سال سرگودھا یونیورسٹی کی بین الاقوامی پبلیکیشنز 1200سے بڑھ کر 1500 ہوگئی ہیں اور بہت جلد ہمارا شمار وطن عزیز کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی صرف اپنے طالب علموں کو کمرہ جماعت تک محدود نہیں رکھ رہی بلکہ انہیں معاشرے کا ایک مفید شہری بنانے کے لئے ان کی بھرپور تعلیمی و تربیت کررہی ہے جس کے باعث وہ اپنے ذہنوں میں نشان منزل کو تازہ کرتے ہوئے اپنا علمی سفر رواں دواں رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سابقہ طالب علموں نے ادارے کی سنہری یادیں اور یہاں کی حاصلات کو تازہ کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایااور کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا ایلومینائی کلب قائم کرنے کا پروگرام نا صرف غیرمعمولی ہے بلکہ یہ انتہائی قابل تحسین ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے میٹنگ میں تشریف لانے والے سابقہ طالب علموں کو لائبریری کارڈ عطا کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے انہیں یونیورسٹی کی لائبریری، ملٹی پرپز ہال، انکوبیشن سنٹر، انڈسٹریل یونٹ اور دیگر اہم شعبوں کا بھی دورہ کروایا جنہیں سابقہ طالب علموں نے بے حد سراہا۔