سیالکوٹ۔18جولائی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں لیڈرشپ کے موضوع پر ایک خصوصی سیشن کا اہتما م کیا گیا۔ یونیورسٹی کے عبدالغنی آڈیٹوریم میں (ہنر مندی اور انسانی صلاحیتوں کو بڑھانے والی کمپنی’ڈائر ایکشن) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)نبیل قدیر نے لیڈرشپ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔ اس سیشن میں ٹیکنالوجی سے چلنے والی دنیا میں قیادت کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی اور اس تیز رفتار ماحول میں دوسروں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس کیا۔
نبیل قدیر نے طلباء کو ٹیکنالوجی کو اپنانے کی مزید حوصلہ افزائی کی لیکن انہیں مشورہ دیا کہ وہ انسانی عنصر کو اپنی قیادت کے مرکز میں رکھیں، متجسس رہیں، موافقت پذیر رہیں اور مسلسل آگے رہنا سیکھیں۔ رجسٹرار محمد یعقوب ، ڈینز، ایچ او ڈیز، اور فیکلٹی ممبران نے بھی اس سیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ نبیل قدیر نے یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی انتظامیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلباء کی رہنمائی کا موقع فراہم کیا اور ایک بہتر اور روشن مستقبل کی تشکیل کے لیے ان پر یقین کا اظہار کیا۔