یونیورسٹی آف لاہور اور محمد علی جناح ہسپتال کابل کے درمیان طبی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے معاہدے پر دستخط

یونیورسٹی آف لاہور اور محمد علی جناح ہسپتال کابل کے درمیان طبی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف لاہور اور محمد علی جناح ہسپتال کابل نے افغان شہریوں کو معیاری علاج کی فراہمی کیلئے ہسپتال کی مدد اور اس کے آپریشنز کو بہتر بنانے کیلئے منگل کو افغان دارالحکومت کابل میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ۔ اس سلسلہ میں جناح ہسپتال میں ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے افغانستان کے موجودہ بحران بالخصوص صحت کے شعبے میں افغان عوام کیلئے پاکستان کی مسلسل انسانی امداد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان افغانوں کو بین الاقوامی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تینوں ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت کا بنیادی مقصد محمد علی جناح ہسپتال میں صحت کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنا اور اسے ٹیچنگ ہسپتال میں تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستان کی طرف سے افغانستان میں سرکاری شعبہ کے ہسپتالوں کو جدید بنانے کے عمل میں شامل ہونے پر لاہور یونیورسٹی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور نے مستقبل میں ہسپتال میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بڑھانے اور ورک فورس فراہم کرنے کیلئے نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کالجز کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے، ہسپتال کے ساتھ ایک میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا جو عالمی معیار کا ہو گا اور اسے ایک ایسی یونیورسٹی میں اپ گریڈ کیا جائے گا جو افغانستان میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ دونوں پروگراموں میں معیاری تعلیم فراہم کرے گی۔

منصور احمد خان نے کہا کہ لاہور یونیورسٹی پاکستان میں ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ نجی شعبے کی سب سے بڑی میڈیکل یونیورسٹی ہے اور اس میں45 ہزار سے زائد گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباءتعلیم حاصل کررہے ہیں۔ افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بروقت امداد پر پاکستان اور یونیورسٹی آف لاہور کا شکریہ ادا کیا جو افغانستان کے عوام کو انتہائی ضروری طبی علاج کی فراہمی میں ہمددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اشراک ایک ایسے وقت میں اہم ہے جب افغانستان کے صحت عامہ کے شعبہ کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان سے ایسے ہی جذبے کی توقع رکھتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی آف لاہور نے ہسپتال کے عملے کو ماہانہ تنخواہوں کی تقسیم کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔

محمد علی جناح ہسپتال کابل میں جدید سہولیات سے آراستہ 200 بستروں پر مشتمل ایک جدید ترین ہسپتال ہے، یہ ان تین ہسپتالوں میں سے ایک ہے جنہیں پاکستان نے افغان عوام اور افغانستان کی حکومت کے لئے تحفے کے طور پر بنایا ہے، دیگر دو ہسپتالوں میں لوگر میں نائب امین اللہ خان لوگری ہسپتال اور نشتر کڈنی سنٹر جلال آباد شامل ہیں۔