کوئٹہ۔ 13 مارچ (اے پی پی):یونیورسٹی آف مکران، پنجگور میں 2025 سیشن کے داخلہ ٹیسٹ منعقدہوئے ۔تفصیلات کےمطابق یونیورسٹی آف مکران، پنجگورنے 2025 سیشن کے داخلہ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ 8 مارچ کو منعقد کئے جن میں بڑی تعداد میں امیدواروں نے مختلف تعلیمی شعبوں میں داخلے کے حصول کے لیے شرکت کی۔یہ انٹری ٹیسٹ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ کی زیر نگرانی منعقد ہوئے، جن کے ساتھ رجسٹرار جناب آفتاب اسلم بلوچ، اسسٹنٹ کنٹرولر عطا مہر، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک شفاف اور منظم عمل کو یقینی بنایا، جس میں اعلیٰ معیاری جانچ کے اصولوں کو برقرار رکھا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور طلبہ کو علمی میدان میں برتری کے لیے محنت جاری رکھنے کی ترغیب دی۔