یونیورسٹی آف گوادر کے طلباکی نیب بلوچستان کے زیرِ اہتمام کوئٹہ اور گوادر میں بین الجامعاتی مقابلوں میں شاندارکامیابیاں

96
University of Gwadar
University of Gwadar

کوئٹہ۔ 17 نومبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف گوادر کے طلبا نے نیب بلوچستان کے زیرِ اہتمام کوئٹہ اور گوادر میں منعقد ہونے والے بین الجامعاتی تقریری، مضمون نویسی، پوسٹر، خطاطی اور شارٹ فلم کے مقابلوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ یہ مقابلے بلوچستان کی مختلف جامعات کے باصلاحیت طلبا کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جہاں تخلیقی صلاحیت، فکری گہرائی، اور فنون میں اپنی مہارت دکھانے کا بھرپور موقع ملتا ہے۔یونیورسٹی آف گوادر کے طلباء نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

خطاطی کے مقابلے میں سمیر ہارون نے تیسری پوزیشن حاصل کی، انگریزی مضمون نویسی میں بدرہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، انگریزی تقریری مقابلے میں بہرام زاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ اردو تقریری مقابلے میں محمد مراد نے پہلی اور محمد اسلام نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔یونیورسٹی کے طلباء نے شارٹ فلم کے شعبے میں بھی اپنی تخلیقی مہارت کو منوایا۔ ”روحِ بیماری” کے عنوان سے تیار کردہ شارٹ فلم نے پہلی پوزیشن جبکہ ”گھر میں کرپشن” کے عنوان سے بنائی گئی فلم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

یہ کامیابیاں یونیورسٹی آف گوادر کی معیاری تعلیم اور ہمہ جہت غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی عکاسی کرتی ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور عملے نے کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت، لگن اور قابلیت کو سراہا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابیاں ہمارے نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ یونیورسٹی آف گوادر کے طلباء نہ صرف صوبائی بلکہ ملکی سطح پر بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہم اپنے مشن پر قائم ہیں اور طلباء کو تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ نہ صرف نصابی میدان میں کامیاب ہوں بلکہ معاشرتی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکیں۔