اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ کارپوریشن حکومتی قوانین کے مطابق ڈاکومنٹڈ اکانومی پر چلتی ہے اور ہر قسم کی خریداری پر تمام ٹیکسز ادا کرتی ہے ۔
یہ بات کارپوریشن کے ترجمان نے بدھ کو اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاسکو سے سرکاری ریٹس پرگندم خریدتی ہے اور ٹیکسز، نقل وحمل اور دیگر اخراجات ملاکر آٹے کے ریٹس فکس کئے جاتے ہیں،
اسی طرح چاول اور دالوں کی خریداری بھی اوپن اور شفاف ٹینڈر کے ذریعے کرکے حکومتی قوانین کے مطابق ٹیکسز ادا کئے جاتے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پی ایم ٹی 40 کے رجسٹرڈ خاندانوں کو چینی، آٹا، گھی ، چاول اور دالوں پر سبسڈی فراہم کر رہا ہے
، اس سبسڈی کی بدولت آٹے کا 10 کلو گرام کا بیگ 648روپے میں، چینی 109 روپے اور گھی 393 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جا رہا ہے،علاوہ ازیں عام صارفین کو بھی رعایتی قیمتوں پر معیاری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔