یوکرین کے روس میں تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے

121

ماسکو۔12مارچ (اے پی پی):یوکرین نےروس کے شہر اوریول میں تیل کی تنصیبات کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تیل کے ایک ٹینک میں آگ لگ گئی۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق پیر اور منگل کی کی درمیانی را ت دارالحکومت ماسکو سے ساڑھے3سو کلومیٹر جنوب میں واقع اس تنصیب پر کئےگئے حملے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔سوشل میڈیا پرجاری تصاویر اور وڈیوز میں حملے کا نشانہ بننے والی تنصیبات سے آگ اور دھواں اٹھتے دکھایا گیا ہے،فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

روسی حکام کے مطابق صورتحال قابو میں ہے اور رہائشیوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یوکرین کی طر ف سے ایک اور ڈرون حملے میں ماسکو سے4سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع نوگوروڈ نامی علاقے کے مضافات میں واقع تیل و گیس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق پیر اور منگل ک درمیانی شب یوکرین کی طرف سے روس کے 7 ریجنز میں مختلف اہداف کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ۔روسی فوج نےان میں سے کم از کم 25 حملہ آور ڈرونز کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روس نے یوکرینی ڈرون حملوں کو دہشت گردی کی کارروائیاں قرار دیا ہے۔